|
چناب بپھر گیا، آئندہ48 گھنٹوں میں ملتان سےنچلے درجے کا سیلابی ریلا گزرے گا |
|
|
|
جمعرات, 29 جولائی 2010 16:17 |
ملتان(اعجازالحق سے)۔ملک بھر میں شدید بارشوں اور بھارت کی طرف دریائی نالوں میں اضافی پانی چھوڑنے کی وجہ سے دریاوں میں سیلابی کیفیت پیداہوگئی ہے۔ڈی سی او ملتان محمد خرم آغا نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں ضلع ملتان کی حدود میں آئندہ48 گھنٹوں کے بعد نچلے درجے کے سیلاب آنے کاخطرہ ہے۔انہوں نے دریائی بیلٹ اور کناروں پر رہائش پذپر افراد سے کہا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ وہ سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اپنے آفس میں اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اس موقع پر اجلاس میں پولیس،ریسیکو1122،ایم ڈی واسا کے افسران نے شرکت کی ۔ڈی سی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے چناب میں 2 لاکھ کیوسک پانی کا ریلہ آنے کی توقع ہے جس سے ملتان کے دریائی علاقوں میں نچلے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ملتان کے مختلف علاقوں میں17 سے زائد ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں ریونیو افسران کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں ۔ڈی سی او خرم آغا نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بروقت امداد کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جس کا ٹیلی فون نمبر 9200073 ہے ۔اس نمبر پر ریلیف کے حوالے سے شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔
|